ووہان: (10 فروری 2020) چین میں کل سے اب تک مزید ستانوے افراد کرونا وائرس سے ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں کی کل تعداد نو سو آٹھ تک جاپہنچی ہے۔ چالیس ہزار سے زائد افراد وائرس سے متاثر ہیں۔ چین میں حکومتی اقدامات کے باعث کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی واقع ہونا شروع ہوگئی ہے۔
چین میں ایک لاکھ ستاسی ہزار پانچ سو افراد کی طبی نگرانی کی جارہی ہے۔ تین ہزار دو اٹھائیس افراد کو علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے وائرس پر تحقیق میں مدد کے لیے اپنی ایک ٹیم بیجنگ بھیجی ہے۔ احتیاط کے پیش نظر دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی کی جا رہی ہے جبکہ کئی دفاتر اور بازار چھٹیوں کے بعد تاحال بند ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق ہوبائی صوبے میں اسکول کم از کم یکم مارچ تک بند رہیں گے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق چین میں کرونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد اب کم ہو رہی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ وبا پر قابو پالیا گیا ہے۔ چین سے باہر ہانگ کانگ میں ایک اور فلپائن میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
ہانگ کانگ میں قرنطینہ میں رکھے گئے بحری جہاز سے مسافروں کو اترنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ ان مسافروں میں کوئی انفیکشن نہیں پایا گیا تھا۔فرانس میں پانچ برطانوی شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.