Sports Articles
12:00 PM
پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے ہرادیا
فوٹو : آن لائن
پاکستان سپر لیگ 5 کے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 30 رنز سے شکست دیدی، بارش سے متاثرہ میچ میں 171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سرفراز الیون 7 وکٹوں پر 140 رنز ہی بناسکی۔
پاکستان سپر لیگ 5 کے راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 15 اوورز میں 170 رنز بنائے تھے۔
جواب میں گوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 172 رنز ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بناسکی۔
جیسن رائے 45 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، شین واٹسن نے 19 رنز بنائے، احمد شہزاد نے انتہائی سست روی سے بیٹنگ کی اور 17 گیندوں پر صرف 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
بڑے ہدف کے تعاقب کے دباؤ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں، بین کٹنگ 7 گیندوں پر 17، محمد نواز 7 گیندوں پر 18، اعظم خان صفر اور کپتان سرفراز صرف ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔
سہیل خان 11 گیندوں پر 2 چھکوں کی مدد سے 16 اور ٹائمل ملز 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کی طرف سے کپتان وہاب ریاض نے 3، راحت علی نے 2، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک ایک شکار کیا۔
شعیب ملک کو 27 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پی ایس ایل پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی کی ٹیم 7 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگئی، ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلی اور اسلام آباد یونائیٹڈ 7 پوائنٹس اور رن ریٹ کے فرق سے دوسری پوزیشن پر ہیں۔
کراچی کنگز 5 میچز کھیل کر 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7 میں سے 4 میچز میں شکست کھا چکی ہے اور 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ لاہور قلندرز ایک میچ جیت کر 2 پوائنٹس حاصل کرسکے ہیں۔


