Popunder ads

Breaking

Sports لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
Sports لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

پیر، 2 مارچ، 2020

11:12 AM

شاہد آفریدی نے بھی بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کر دی

لاہور:  پاکستانی لیجنڈ کرکٹر شاہد خان آفریدی نے بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کردی ہے۔
شاہد آفریدی نے بھارتی مسلمانوں پر مظالم کیخلاف آواز بلند کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر مسلمانوں کی املاک جلانے کی ویڈیو شیئر کی۔
سابق کپتان نے اپنی ٹویٹ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘’دیکھنا ہے زور کتنا بازوئے قاتل میں ہے’’۔
10:42 AM

پی ایس ایل: پشاور زلمی، کراچی کنگز آج مدمقابل ہونگے

فوٹو: پی ایس ایل
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 5 کا 15واں میچ آج پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈم میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔ اس سے قبل پشاور زلمی کا اسلام آباد یونائیٹڈ کےساتھ میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تھا۔
پشاور زلمی 5 پوائنٹس کےساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے اور کراچی کنگز 4 پوائنٹس کےساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیموں نے 2، 2 میچز جیت رکھے ہیں۔
ملتان سلطانز 8 پوائنٹس کےساتھ اس وقت پہلے نمبر پر موجود ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے، اسلام آباد یونائیٹڈ تیسرے اور لاہور قلندرز چھٹے نمبر پر ہے۔

اتوار، 1 مارچ، 2020

7:00 PM

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ویمنزورلڈکپ، پاکستانی ٹیم سیمی فائنل سے باہر

Spread the love
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد سیمی فائنل سے باہر ہوگئی ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو17 رنزسے شکست دے کرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ لو اسکورننگ میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنزبنائے۔ جواب میں قومی ویمنز کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز ہی بناسکی۔
جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈین نی کریک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ویمنز ٹیم کی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 17 کے مجموعی اسکور پر حریف ٹیم کی دونوں اوپنرز کو پویلین واپس بھجوادیا۔ اوپنر کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد جنوبی افریقہ ویمنز کرکٹ ٹیم کی ماریزانے کاپ اور لاورا وولوارٹ نے فائٹ بیک شروع کیا۔ ماریزانے کاپ 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں مگر لاوراوولوارٹ نے کریز کے دوسرے اینڈ سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اوربہترین نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 36 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 53 رنزبناکر ناقابل شکست رہیں۔
حریف ٹیم کی کوئی اور بیٹسمین زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکی۔ ڈو پریز 17، سونے لوس 12اورکلوئے ٹائرون10 رنزبناکر آؤٹ ہوئیں۔ پاکستان کی ڈیانا بیگ نے 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انعم امین، عروب شاہ، ندا ڈاراور ایمن انور نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض 72 رنز پر آدھی ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔ کپتان جویریہ خان 31 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئیں۔ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والی آلراؤنڈر عالیہ ریاض نے ارم جاوید کے ہمراہ 47 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی تاہم دونوں بیٹرز جارحانہ انداز اپنانے کے باوجود قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہیں۔ عالیہ ریاض32گیندوں پر 39رنز بناکر ناقابل شکست رہیں جبکہ ارم جاوید 17 رنزبناکرناٹ آؤٹ رہیں۔
جنوبی افریقہ کی شبنم اسماعیل،ڈین نی کریک اورمابا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر جنوبی افریقہ کی بیٹر لاوراوولوارٹ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گروپ بی میں شامل پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم اپناآخری میچ تین مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
6:59 PM

ویمن ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر تمام

سڈنی (این این آئی)جنوبی افریقہ نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں لورا ولوارڈ کی جارحانہ نصف سنچری کی بدولت پاکستان کو 17رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی،تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کا رن ریٹ انتہائی کم تھا ،ولوارڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی،جنوبی افریقہ کیٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنانے میں کامیاب رہی،لورا ولوارڈ کو شاندار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔آسٹریلیا
میں جاری ویمن ورلڈ کپ میں اتوار کو سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ڈیانا بیگ کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے ابتدا میں ہی دو کامیابیاں حاصل کر لیں اور جنوبی افریقی ٹیم 17رنز پر دونوں اوپنرز گنوا بیٹھی تھی۔اس مرحلے پر میریزین کاپ اور مگنون دو پریز نے بیٹنھگ لائن کو سنبھالا دیتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 37رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کر 54تک پہنچا دیا۔اس سے قبل کہ یہ شراکت خطرناک ثابت ہوتی، ندا ڈار نے پریز کی وکٹیں بکھیر دیں جبکہ 64کے مجموعی اسکور پر کاپ 31رنز بنا کر واپس لوٹیں تو جنوبی افریقی ٹیم 4وکٹیں گنوا چکی تھی۔‎تین وکٹیں گرنے کے بعد جنوبی افریقہ کا رن ریٹ انتہائی کم تھا لیکن ولوارڈ کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیم ایک اچھا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی۔انہوں نے صرف 36 گیندوں پر 53رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے جس کی بدولت جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 136رنز بنانے میں کامیاب رہی۔پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ انعم امین، ندا ڈار، ایمن انور اور عروبہ شاہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔ایمن انور کے اوور انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنہوں نے 4اوورز میں 43 رنز دیے اور یہی میچ میں اصل فرق ثابت ہوئے۔پاکستان کی اوپنرز نے ٹیم کو 18رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اس کے بعد یکے بعدیدگرے تین وکٹیں گرنے کے سبب قومی ٹیم 26رنز پر تین کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم ہو چکی تھی۔اس موقع پر کپتان جویریہ خان کا ساتھ دینے عالیہ ریاض آئیں اور دونوں نے 29رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور کو 55تک پہنچا دیا، جویریہ 31رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں۔اس دوران درکار رن ریٹ تیزی سے چڑھتا گیا اور پاکستانی ویمن ٹیم نے حالات کی نزاکت کو نہ سمجھتے ہوئے کسی بھیموقع پر جارحانہ بیٹنگ کی کوشش نہ کی جس کے نتیجے میں وہ مقررہ اوورز میں 5وکٹیں گنوانے کے باوجود صرف 119رنز ہی بنا سکیں، عالیہ ریاض 39رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔جنوبی افریقہ نے میچ میں 17رنز سے کامیابی حاصل کر کے ویممن ٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جبکہ اس شکست کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔لورا ولوارڈ کو شاندار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔‎

جمعہ، 28 فروری، 2020

11:13 AM

پی ایس ایل فائیو: ملتان کا مقابلہ کراچی اور لاہور کا ٹاکرا پشاور سے ہو گا

ویب ڈیسک — 
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں جمعے کو دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ ملتان سلطانز اور کراچی کنگز جب کہ دوسرا لاہور قلندرز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان ہو گا۔
ملتان سلطانز اپنے ہوم گراؤنڈ میں دوسرا میچ کھیلنے جا رہی ہے۔ کراچی کنگز اور سلطانز کے درمیان مقامی وقت کے مطابق میچ دوپہر تین بجے شروع ہو گا۔
ایونٹ میں اب تک ملتان سلطانز تین اور کراچی کنگز دو میچز کھیل چکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
پاکستان سپر لیگ کا آج کھیلا جانے والا دوسرا میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کی ٹیموں کے درمیان رات آٹھ بجے شروع ہو گا۔
لاہور قلندرز کا ایونٹ میں مایوس کن آغاز رہا اور اسے ابتدائی دونوں میچز میں شکست کا سامنا رہاں۔ قلندرز اپنا تیسرا میچ آج پشاور زلمی کے خلاف کھیلنے جا رہے ہیں۔
اسی طرح پشاور زلمی ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ کھیلے گی۔ زلمی کو دو میچز میں شکست ایک میں کامیابی ملی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر زلمی دو پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جب کہ لاہور قلندرز کا کوئی پوائنٹ نہیں اور وہ آخری نمبر پر ہے۔

جمعرات، 27 فروری، 2020

10:28 AM

پی ایس ایل: ملتان سلطانز ہوم گرائونڈ پر پشاور زلمی کیخلاف کامیاب

لاہور+ملتان(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ملتان میں کھیلے گئے میچ میں سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں اس کے اوپنر ٹام بینٹن 4 رنز بنا کر محمد عرفان کا شکار ہوگئے۔ کامران اکمل نے حیدر علی کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم کامران اکمل بھی چوتھے اوور میں 15 رنز بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ شعیب ملک اور لِونگ سٹونز کریز پر آتے ہی چلتے بنے، دونوں کا سکور بالترتیب 2اور صفر رہا‘دونوں کو محمد الیاس نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔حیدر علی 85 کے مجموعی سکور پر 47 رنز بنا کر سہیل تنویر کا شکار بن گئے۔ان کے بعد کوئی بھی کھلاڑی وکٹ پر نہ جم سکا اور پشاور زلمی کی پوری ٹیم 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 123 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سہیل تنویر نے 13 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ‘ ایک اوور میڈن بھی تھا۔ محمد عرفان اور محمد الیاس نے 2،2 جبکہ شاہد آفریدی اور عمران طاہر نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔ملتان سلطانز نے ہدف 14.5اوورز میں 4وکٹوں پرپورا کرلیا ۔ ریلی روسو 49اور خوش دل شاہ43رنز پر ناقابل شکست رہے ۔ وہاب ریاض نے دو جبکہ حسن علی اور راحت علی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ۔سہیل تنویر کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اپریل 2008 کے بعد یہ ملتان میں پہلا ہائی پروفائل میچ تھا۔ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کرینگی۔میچ شام سات بجے کھیلا جائیگا۔
10:27 AM

ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان نے ویمن ٹی20 ورلڈ کپ میں فاتحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو8وکٹوں سے شکست دیدی۔آسٹریلوی دارالحکومت کینبرا میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ڈیانا بیگ اور ندار ڈار کی عمدہ باؤلنگ کے سبب ویسٹ انڈیز کی ٹیم 28رنز پر تین اہم وکٹوں سے محروم ہو گئی۔اس مشکل مرحلے پر کپتان سٹیفنی ٹیلر کا ساتھ دینے شرمین کیمبل آئیں اور دونوں نے 43، 43 رنز کی اننگز کھیلنے کیساتھ ساتھ چوتھی وکٹ کیلئے 63رنز کی شراکت قائم کی۔تاہم ان دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم ایک مرتبہ پھر یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوانے لگی اور مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 124رنز بناسکی۔ ندا ڈار، ڈیانا بیگ اور ایمن انور نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں‘انعم امین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز جویریہ خان اور منیبہ علی نے 58رنز کی شراکت قائم کر کے فتح کی بنیاد رکھی، جویریہ خان 28 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 35رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹیں۔منیبہ علی 25رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں تو پاکستانی ٹیم 77رنز پر دونوں اوپنرز سے محروم ہو چکی تھی لیکن اس کے بعد کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بغیر کسی نقصان کے ہدف تک رسائی دلا دی۔پاکستان نے 8وکٹوں کی فتح کیساتھ ہی ٹی20 ورلڈ کپ کا شاندار انداز میں آغاز کیا۔جویریہ خان کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پاکستانی ویمن ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ کل 28فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ایک اور میچ میں انگلینڈ نے تھائی لینڈ کو 98رنز سے شکست دیدی ۔انگلینڈویمنز نے 2وکٹوں پر 176رنز بنائے ۔تھائی لینڈ ویمنز ٹیم سات وکٹوں پر 78رنز بناسکی۔ انگلینڈ کی ویمنز ٹیم کی کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر ہیتھر نائٹ نے اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔انہوں نے کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں 108 رنز سکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ انکے ٹی ٹونٹی کیریئر کی پہلی سنچری تھی۔ انکو عمدہ بلے بازی پر میچ کی بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں آج دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ جبکہ دوسرا آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائیگا۔

بدھ، 26 فروری، 2020

11:44 AM

لاہور قلندرز کی شکست پر دلبرداشتہ ہونے والے ننھے مداح کو زبردست پیشکش کر دی گئی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز کی اسلام آباد یونائٹیڈ کے ہاتھوں شکست پر دلبرداشتہ ہونے والے قلندرز کے ننھے فین کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی انتظامیہ نے بچے کو اسٹیڈیم آکر میچ دیکھنے اور قلندرز سے ملاقات کی دعوت دے دی۔روزنامہ جنگ کے مطابق لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہقلندرز کی انتظامیہ بچے سے رابطے کی کوشش کر رہی ہے، خواہش ہے کہ وہ بچہ اسٹیڈیم آکر میچ دیکھے اور قلندرز سے ملاقات کرے۔عاطف رانا کا
کہنا تھا کہ ننھے فین کی لاہور قلندرز کے ساتھ اس قدر جذباتی وابستگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پورے پاکستان سے لوگ لاہور قلندرز سے محبت کرتے ہیں، حالانکہ ابھی پورا ٹورنامنٹ باقی ہے لیکن لوگوں کا ٹیم کے لیے یوں جذباتی ہوجانا قلندرز سے ان کے لگاؤ کا مظہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور قلندرز بظاہر تو لاہور کی ٹیم ہے لیکن اسکو محبت کرنے والے پورے پاکستان میں بستے ہیں اور جس طرح کے جذبات کا اظہار لوگ قلندرز کے ساتھ کرتے ہیں ایسے تو پاکستان ٹیم کے لیے بھی نظر نہیں آتے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے ہاتھوں لاہور کی ایک وکٹ سے شکست کے بعد سوشل میڈیا پر ننھے فین کی وڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں بچہ اپنی پسندیدہ ٹیم کی ناکامی پر رو کر افسوس کا اظہار کررہا تھا۔بچے کی وڈیو وائرل ہونے کے بعد کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز اور پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے بچے کو فرنچائز بدلنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم عاطف رانا پُرامید ہیں کہ ننھا قلندر، لاہور کا ہی مداح رہے گا۔
11:42 AM

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے میچز کیلئے ملتان اور راولپنڈی میلہ لگنے کیلئے تیار ، تفصیلات سامنے آگئیں

لاہور (آن لائن) پاکستان سپر لیگ میں دو دن آرام کے بعد  بدھ کو واحد میچ میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ملتان میں مدمقابل ہوں گی، پی ایس ایل 5 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ ملک بھر میں جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا میلہ ملک بھر میں زور و شور سے جاری ہے، 26 فروری بدھ سے ایونٹ کے میچز ملتان اور راولپنڈی میں منتقل ہوجائیں گے،ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ ملتان اور پنڈی کرکٹ سٹیڈیمز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچوں کی میزبانی کریں گے۔
دونوں شہروں میں بسنے والے کرکٹ کے مداح اور مقامی کھلاڑیوں کے اہلخانہ اولیاء کا شہر، ملتان اور وفاقی دارالحکومت کا جڑواں شہر کہلانے والے راولپنڈی میں میدان سجنے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں دو دن وفقے کے بعد (آج) بدھ کی شام لیگ کا آٹھواں میچ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان ملتان سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ سلطانز کی ٹیم شان مسعود کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ اسے شاہد آفریدی، جیمز ونس، معین علی، عمران طاہر اور رلی روسو جیسے نامور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں، پشاور زلمی کی کپتانی کے فرائض ڈیرن سیمی انجام دیں گے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کامران اکمل، شعیب ملک اور وہاب ریاض شامل ہیں۔ لیگ کا نواں میچ (کل) جمعرات کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ لیگ میں شامل 6 ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز شامل ہیں، لیگ میں فائنل سمیت 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ لیگ کے 14 میچز لاہور، 9 کراچی، 8 راولپنڈی اور 3 ملتان میں کھیلے جائیں گے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں 10 لاکھ امریکی ڈالر کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ لیگ کا فائنل میچ 22مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا
11:38 AM

سرفراز احمد کا بال ٹیمپرنگ کا الزام،پی سی بی کا ردعمل سامنے آگیا

لاہور( آن لائن )پی سی بی نے نام لیے بغیرسرفراز احمدکا بال ٹمپرنگ سے متعلق بیان مستردکردیا۔پشاور زلمی کیخلاف میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد نے گیند کیساتھ چھیڑ چھاڑ کی بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ تحریری شکایت کردی- پی سی بی کی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ گیند کی حالت کو تبدیل کرنے سے متعلق میچ ریفری روشن ماہنامہ کو کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی،کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل3.2 کی شق 3.2.2 کے تحت ٹیم منیجر کی جانب سے باضابطہ شکایت میچ ختم ہونے کے 48 گھنٹوں کے اندر درج کروانا لازمی ہوتا ہے۔چیف
ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ گیند کی حالت تبدیل کرنے سے متعلق بیان جاری کرنے سے پہلے نہ تو ٹھوس شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی باضابطہ درخواست جمع کروائی گئی۔مخصوص طریقہ کاراختیار کیے بغیر اتنا غیرذمہ دارانہ بیان جاری کرتے ہوئے ایونٹ کی ساکھ کو مجروح اور غیرملکی کرکٹرز کوشکوک و شبہات میں ڈالاگیا، کھلاڑیوں سے احتیاط برتنے اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔وسیم خان نے کہا کہ پی ایس ایل کیلیے امپائرز کا بہترین پینل موجود ہے، جس کی ہر معاملے پر گہری نظر ہے، اگر امپائرز پینل اگیند میں مصنوعی تبدیلی دیکھے تو وہ یقینا کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت اس پر کارروائی کریگا، تمام شرکا سے درخواست ہے کہ وہ کھیل کی روح کو برقرار رکھتے ہوئے کرکٹ پر توجہ دیں۔
11:35 AM

لاہور قلندرز پر برہم ننھے شائق کیلئے ڈین جونز اور سیمی کا پیغام

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے ننھے شائق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی اور کراچی کنگز کے کوچ ڈین جونز بھی توجہ دینے پر مجبور ہو گئے۔اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ میں یونائیٹڈ نے قلندرز کو ایک وکٹ سے ہرایا تھا۔ شکست پر ننھا شائق انتہائی دلبرداشتہ ہوا او لاہور قلندرز اور اس کے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور روتے ہوئے دوبارہ ٹیم کو سپورٹ نہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ میں پاکستان کی طرف ہوں، لاہور قلندرز کی طرف میں نہیں ہوں۔بچے کی دل جوئی کرنیوالوں میں کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز اور پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی بھی شامل ہیں۔ کوچ ڈین جونز نے بچے کے نام پیغام میں کہا کہ وہ آئیں اور کراچی کنگز کو سپورٹ کریں، وہ انہیں میچ کے ٹکٹ بھی دیں گے۔ پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے پیغام میں کہا کہ پشاور زلمی آپ کو آئس کریم لے کر دے گی، آئیے ہم آپ کے آنسو پونچھتے ہیں۔
11:33 AM

کراچی کنگز کا ’بھابھی شرٹ‘ کا تحفہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز نے سابق کھلاڑی وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کو ’بھابی‘ شرٹ کا تحفہ دیا ہے۔ شنیرا اکرم نے کراچی کنگز کی ٹی شرٹ کی تصویر شیئر کی۔ شنیر ا اکرام نے لکھا کہ ’پہلی بار کسی نے میرے لیے خاص سٹائل کی ٹی شرٹ ڈیزائن کی ’مجھے اِس کیلئے اِس سے زیادہ فخر نہیں ہوسکتا۔اْنہوں نے نئے سٹائل کی شرٹ پر کراچی کنگز کا شکریہ ادا کیا۔
11:32 AM

شنیرا اکرم خاص تحفہ ملنے پر خوش

ویب ڈیسک:سوشل میڈیا پر شنیرا اکرم کی شرٹ کے چرچے ، کراچی کنگز کی جانب سے ملنے والے خاص تحفے پر سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم انتہائی پر جوش ہیں۔ گزشتہ روز شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر کراچی کنگز کی جانب سے ملنے والی  ٹی شرٹ کی تصویر شیئر کی۔ تصویر میں شرٹ پر "بھابھی " لکھا ہوا ہے ۔
11:31 AM

پی ایس ایل 5:پشاور زلمی اور ملتان سلطان آج مدمقابل ہونگے

یہ تصویر ٹوئٹر سے لی گئی ہےپاکستان سپر لیگ 5 میں 2 روز کے وقفے کے بعد آج بدھ 26 فروری کو شام 7 بجے ملتان سلطانر اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔ ملتان میں 12 سال بعد انٹرنیشنل میچ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ملتان سلطانز ٹیم کی کمان شان مسعود اور پشاور زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی کریں گے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پی ایس ایل 5 میں اسلام آباد یونائٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سب سے زیادہ 3،3 میچز کھیل لئے، جب کہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے 2،2 میچ کیلئے پنجہ آزمائی کی۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائٹڈ سرفہرست ہے، جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا دوسرا نمبر ہے۔ ان دونوں ٹیموں نے 2،2 میچوں میں کامیابی حاصل کی، جب کہ ایک ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر لاہور قلندرز ہے، جو ابھی تک ناکام رہی ہے۔
11:29 AM

پی ایس ایل 5: آج ملتان سلطانزاور پشاور زلمی میں مقابلہ ہوگا

پاکستان سپرلیگ فائیو کے آٹھویں میچ میں آج ملتان سلطانزاورپشاورزلمی ملتان اسٹیڈیم میں مدمقابل آئیں گے ۔
پاکستان سپر لیگ فائیو کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہوگا ۔ دو دن کے آرام کے بعد آج ملتان سلطانر اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی ۔میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام سات بجے شروع ہوگا۔ ملتان سلطانز شان مسعود کی قیادت میں میدان میں اتریں گے جبکہ پشاور زلمی کی کپتانی ڈیرن سیمی کریں گے۔ پشاور زلمی کی ٹیم اسکواڈ میں کامران اکمل، ٹام بینٹن اور شعیب ملک اہم بلے بازہیں جبکہ وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی باؤلنگ میں حریف ٹیم کے چھکے چھڑاسکتے ہیں ۔دوسری جانب  ملتان سلطانز میں بوم بوم شاہد آفریدی ایکشن میں آگئے تو حریف ٹیم کے لیے مشکل ہو سکتی ہے، ملتان سلطانز کو رائیلی روسو، معین علی اور جیمز ونس، محمد عرفان کی خدمات بھی حاصل ہونگی۔
پی ایس ایل 5 کے آٹھویں میچ کی میزبانی پہلی بار ملتان کررہا ہے ۔ اس سے قبل ملتان اسٹیڈیم میں آخری میچ 2008 میں پاکستان اوربنگلہ دیش کے مابین کھیلا گیا تھا ۔ ملتان اسٹیڈیم 5 ٹیسٹ اور 7 ایک روزہ میچز کی میزبانی کرچکا ہے ۔
پی ایس ایل سیزن 5 میں اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3،3 میچز کھیل چکے ہیں جبکہ پشاور زلمی، ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے 2،2 میچ کھیلے ہیں ۔پی ایس ایل 5 کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت اسلام آباد یونائٹڈ سب سے آگے ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دوسرے نمبرپر ہے۔پشاور زلمی تیسرے، ملتان سلطانز چوتھے اور کراچی کنگز کی پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن ہے۔  
واضح رہے کہ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے جارہے ہیں۔ پی ایس ایل ایونٹ میں کل 34 میچز32 روزمیں کھیلے جائیں گے۔ جن میں سے 14 میچز لاہور میں ،9 کراچی ، 8 راولپنڈی جبکہ 3 ملتان میں ہوں گے۔

منگل، 25 فروری، 2020

6:37 PM

پی سی بی نے سرفراز احمد کے بیان کی تردید کر دی

لاہور: پی سی بی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے کپتان سرفراز احمد کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کے بیان کی تردید کر دی، وسیم خان کے مطابق بال ٹیمپرنگ کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا ہے کہ گیندکی حالت کو تبدیل کرنے سے متعلق میچ ریفری کوکوئی شکایت موصول نہیں ہوئی،میچ ریفری کوشکایت میچ ختم ہونے کے48گھنٹوں کےاندردرج کروانالازمی ہوتاہے۔ باضابطہ درخواست جمع کروانے سے متعلق مخصوص طریقہ کاربھی اختیارنہیں کیاگیا۔

پیر، 24 فروری، 2020

9:42 AM

خواتین ٹی ٹونٹی عالمی کپ:جنوبی افریقہ نے انگلینڈکوچھ وکٹوں سے ہرادیا

آسٹریلیاکے شہرپرتھ میں خواتین کے آئی سی سی ٹی ٹونٹی عالمی کپ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈکوچھ وکٹوں سے ہرادیا۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈنے مقررہ بیس اوورزمیں آٹھ وکٹوںکے نقصان پر ایک سوتئیس رنز بنائے تھے۔جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے انیس اعشاریہ چاراوورزمیں چاروکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔(این این آر، وہاج بشیر)
9:40 AM

پی ایس ایل 5: اسلام آباد یونائیٹڈ نےلاہور قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دیدی

 قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرزنے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا تھا، یونائیٹڈ کی ٹیم نے ہدف آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،، کولن انگرام 30 اور ڈیوڈ ملان 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
لاہور قلندرز کے محمد حفیظ کی 98 رنز کی اننگز اور شاہین شاہ آفریدی کی 4 وکٹیں بھی شکست سے نہ بچاسکیں۔
اس سے قبل محمد حفیظ کی شاندار اننگز کی بدولت لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے اور یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دیا۔
محمد حفیظ نے 2 رنز کی کمی سے سنچری اسکور نہ کرسکے، حفیظ نے 7 چوکوں اور 7 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
لاہور قلندرز کی پہلی وکٹ 22 رنز پر گری جب کرس لین 11 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، فخر زمان 33 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
لاہور کے کپتان سہیل خان صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، ولاس نے تین رنز بنائے، سمیت پٹیل 10 رنز بنا کر فہیم اشرف کا نشانہ بنے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد موسیٰ اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے پی ایس ایل کی تاریخ میں اپنا اب تک کا یہ سب سے بڑا اسکور بنایا ہے۔
9:39 AM

سنسنی خیز مقابلے میں لاہور قلندرز کو شکست

پی ایس ایل 5 کے لیگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دیدی، محمد موسیٰ نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بیٹنگ کرکے مخالف ٹیم سے یقینی شکست چھین لی۔
پاکستان سپر لیگ 5 کے 7ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دیا تھا، شاداب الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل ہدف پورا کرکے کامیابی حاصل کرلی۔
ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز محض 5 رنز پر پویلین لوٹ گئے تھے، کولن منرو 2 اور لیوک رونکی 1 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان نے شاندار اننگز کھیلی، وہ 29 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں 18ویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے عماد بٹ کو آؤٹ کیا تو شاداب الیون کو جیت کیلئے 17 گیندوں پر 20 رنز درکار تھے اور ان کی صرف ایک وکٹ باقی تھی۔
اس موقع پر محمد موسیٰ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 11 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 17 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا، احمد صفی عبداللہ 8 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
یہ بھی پڑھیں : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو شکست دیدیاسلام آباد کی جانب سے ڈیوڈ ملان 22، کولن انگرام 3 چھکوں کی مدد سے 30، آصف علی 18، حسین طلعت 5، فہیم اشرف 11 اور عماد بٹ 8 رنز بناسکے۔
لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، حارث رؤف نے 2، حفیظ، ویزے اور پٹیل نے ایک ایک شکار کیا، عثمان خان شنواری نے سب سے زیادہ 46 رنز دیئے۔
مزید جانیے : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کیخلاف بال ٹیمپرنگ کی شکایت کردیپی ایس ایل 5 میں اب تک کے میچز کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4، 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہیں، پشاور، ملتان اور کراچی کے 2، 2 پوائنٹس ہیں جبکہ لاہور قلندرز اپنے دونوں میچز ہارنے کے بعد آخری پوزیشن پر ہے۔