Popunder ads

Breaking

ہفتہ، 8 فروری، 2020

اداکار ٹیپو بھی پیسا ایوارڈ کی انتظامیہ پر برس پڑے

اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے بھی دبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ کی انتظامیہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔
سماء ڈیجیٹل سے گفتگو میں اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے بتایا کہ ’پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ کی انتظامیہ باڈی بیٹ نے  فنکاروں کے ساتھ غلط بیانی سے کام لیا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی مصروفیات کو ترک کیا کیونکہ انتظامیہ نے مجھے نامزد کیا تھا لیکن آخر وقت میں انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ‘۔
پاکستان انٹرنیشنل اسکرین ایوارڈ میں اداکارعدنان شاہ کو مزاحیہ ڈرامے ’سنوچندا‘میں مزاحیہ اداکاری کے باعث نامزد کیا تھا ۔
عدنان شاہ نے ایوارڈ انتظامیہ سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پیسا ایوارڈ کی انتظامیہ نے فنکاروں کے ساتھ جس طرح کا سلوک کیا ہے اس سے مایوسی ہوئی ہے، جب آپ کسے سے کئے وعدے کی پاسداری نہیں کرسکتے تو وعدہ کرتے کیوں ہیں؟ ،آپ نے اپنی پروموشن کیلئے اداکاروں کا نام استعمال کیا اور آخری وقت میں غائب ہوگئے‘ ۔
اداکار نے بتایا کہ ’صرف میں ہی نہیں دیگر اداکار جن میں حنا دلپزیر ، نبیل طفر ، علی سفینا سمیت کئی ایسے اداکار ہیں جن کے ساتھ وعدہ خلافی کی گئی اگر آپ ہمیں نامزد نہ کرتے تو کوئی ایسی بات نہیں تھی لیکن انتظامیہ کی جانب سے وعدہ کرکے اس کی خلاف ورزی کی گئی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’جن لوگوں ایوارڈ کیلئے نامزدہ نہیں کیا گیا تھا ان کو لے کرگئے اور جن کا نام نامزد کیا گیا تھا انہیں آخری وقت میں نہیں بلایا گیا ‘۔
دوسری جانب اداکار عثمان خالد بٹ ، بشریٰ بشیر اور علی سفینا نے بھی پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے پیسا انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔
اس سے قبل اداکار نبیل ظفر نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ کئی دنوں سے آپ لوگ مجھے پیسا ایوارڈ کی اشتہار کاری میں اور ڈرامہ بلبلے میں بہترین کامیڈی اداکار کی کیٹیگری میں نامزد کیے جانے کے حوالے سے تشہیر دیکھ رہے ہوں گے، مجھے یہ ایوارڈ ڈرامہ بلبلے میں بہترین اداکاری اور مداحوں کی جانب سے میرے کام کو سراہے جانے کی بنا پر دیا جا رہا تھا اس حوالے سے شو کی انتظامیہ نے اشتہاری کمپنی کے ذریعے مجھ سے رابطہ کیا اور آج ہونے والے شو میں شرکت کی درخواست کی۔
نبیل نے کہا کہ یہ مکمل طور پر وعدہ خلافی اور دھوکا دہی ہے کیوں کہ ایوارڈ شو کی تشہیر کے لیے ہمارا نام استعمال کیا گیا جوکہ شو کی انتظامیہ کا غیر اخلاقی عمل ہے، اس شرمناک عمل سے نہ صرف میری بلکہ اُن فنکاروں کی بھی بے عزتی ہوئی ہے جن سے رابطہ اور پھر وعدہ کیا گیا، در حقیقت یہ ہماری انڈسٹری کا نام بدنام کرنے کے مترادف ہے باالخصوص اُن لوگوں کے سامنے جنہوں نے شو کے ٹکٹ بھی خریدے۔
اداکار نبیل کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اداکارہ نادیہ افغان نے کہا کہ میرے ساتھ بھی ایسا ہوا انتظامیہ نے غیر پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا، انہوں نے مجھے آخری لمحے تک لٹکائے رکھا اور پھر غائب ہوگئے جس سے مجھے بے عزتی محسوس ہوئی ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Please do Not enter your any spam link in the comment box.