اسلام آباد:(13 فروری 2020)ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و سلامتی کے مسائل پیدا کر رہے ہیں،بھارت نےچھ ماہ سے کشمیر کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارت نے چھ ماہ سے کشمیر کو یرغمال بنایا ہوا ہے، کشمیر کے دنیا سے رابطے بدستور منقطع ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر نے ایک سے زائد مرتبہ کشمیر پر ثالثی کی پیش کش کی، ہم اس پر عمل درآمد چاہتے ہیں اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ حریت رہنما سید علی گیلانی کی صحت سے متعلق رپورٹس پر ہمیں بتایا گیا ہے کہ ان کی صحت اب کافی بہتر ہے۔
ترجمان نے دہلی میں حالیہ انتخابات پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے بھارتی حکمراں جماعت بی جے پی نے انتخابات میں پاکستان دشمنی کارڈ استعمال کرنے کا ذکر کیا۔
ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بھارتی اقدامات خطے میں امن و سلامتی کے مسائل پیدا کر رہے ہیں، بھارت اندرون ملک کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لئے سرحدوں پر حالات خراب کررہا ہے۔
عائشہ فاروق نے بتایا کہ بھارت دوہزار تین کے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، اور رواں سال دو سو بہتر مرتبہ کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کی، جبکہ بھارت کے ناظم الامور کو آٹھ اور دس فروری کو طلب کر کے احتجاج کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ فائنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے محاذ پر پاکستان بہتری کیلئے پرامید ہے،پاکستان کے عالمی شراکت دار ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان بین الاقوامی اٹامک ایجنسی کے زیر اہتمام ویانا میں عالمی نیوکلئیر سیکیورٹی کے حوالے سے کانفرنس میں شرکت کرے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.