راولپنڈی(نیٹ نیوز)نسیم شاہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنیوالے دنیا کے کم عمر ترین باؤلر بن گئے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ 16 سال اور 359 دن کی عمر میں ہیٹرک کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق قومی ٹیم کے نوجوان اور ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش کے تین کھلاڑیوں کو پے در پے آؤٹ کرکے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انہوں نے میچ میں 4 وکٹیں لیں۔ ہیٹ ٹرک کا کارنامہ اپنے کیریئر کے چوتھے ہی ٹیسٹ میں ہی سرانجام دیا۔ ان کی باؤلنگ کا شکار بننے والوں میں نجم الحسین، تیج الاسلام اور محمود اللہ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ نسیم شاہ نے گزشتہ سال نومبر میں برسبین میں کھیلے جانیوالے میچ میں 16 سال کی عمر میں ڈیبیو کرتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کی تھی۔ نسیم شاہ کا تعلق خیبر پی کے کے علاقے دیر سے ہے۔ انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا تو 11 نومبر کو اس وقت ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا، جب وہ آسٹریلیا میں اپنا پہلا بین الاقوامی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے منتظر تھے۔ انہوں نے والدہ کے انتقال کے باوجود پاکستان واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا تو پاکستان اور آسٹریلیا کی اے ٹیموں نے پریکٹس میچ میں سیاہ ربن باندھ کر نسیم شاہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ نسیم شاہ آسٹریلوی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے نویں کم عمر ترین اور پہلے 16 سالہ کرکٹر ہیں۔ ان سے قبل پاکستان کے محمد عامر نے 2010-2009ء میں 18 برس سے کم عمر میں آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔ پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پاکستان کی موجودہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل تیز ترین باؤلر ہیں۔ پی سی بی پیپسی سٹارز انڈر 16 ایک روزہ ٹورنامنٹ کی دریافت نسیم شاہ نے 13 سال کی عمر میں ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ اپنے پہلے ہی میچ میں چار وکٹیں حاصل کیں اور کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا تھا کہ جب میں پانچ وکٹیں لوں گا تو کس کے نام کروں گا کیونکہ میری والدہ ٹی وی پر دیکھ رہی ہوں گی لیکن اب میں یہ کارکردگی اپنے والد کے نام کرتا ہوں۔ ایک موقع پر فاسٹ بائولر پریس کانفرنس کرتے ہوئے والدہ کا ذکر آنے پر آبدیدہ ہو گئے اور وہ پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔ یہ بھی یاد رہے کہ نسیم شاہ 5 وکٹیں حاصل کرنیوالے کم عمر ترین فاسٹ بائولر بھی ہیں۔
پیر، 10 فروری، 2020
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.