ایک برطانوی شہری نے مسلسل 42 سال تک ایک ہی اخبار کو اپنی ناراضی کے خطوط لکھ کر ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
70 سالہ برنی کیرول 1978ء سے ایک اخبار ’دی لیور پول ایکو‘ کو خط لکھ رہے ہیں لیکن ان کے خطوط میں زیادہ تر شکایات اور بے معنی باتیں ہی ہیں۔
ایک محتاط اندازے کے مطابق وہ اب تک 15 ہزار سے زائد خطوط لکھ چکے ہیں۔ پہلے انہوں نے 1970ء اور 1980ء کے دوران لیورپول میں قائم کی جانے والی عسکری کونسل پر اپنی ناپسندیدگی پر خط لکھے اور اس کے بعد خط لکھنے کا سلسلہ نہیں رکا۔
اس کے بعد برنی نے اپنے اردگرد مسائل پر خط لکھنا شروع کیے یہاں تک کہ اخباری خطوط میں لوگوں کے رویے کی بھی شکایت کی اور اب تازہ خطوط میں وہ اپنا غصہ آتش بازی کرنے والوں اور پارکوں میں فضلہ بڑھانے والے پالتو کتوں پر اتار رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ میرے خطوط لکھنے سے کچھ نہیں بدلے گا لیکن دل کا غبار ہلکا کرنے کے لئے میرے پاس اس سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں بچا ہے۔ ان کے مطابق اندر کا غصہ ٹھنڈا کرنے کے لئے اخبارات کو خط لکھنا ایک اچھا مشغلہ ہے۔
برنی ایک عرصے تک موسیقار رہے ہیں اور ہر روز وہ کوئی نہ کوئی سرگرم مسئلہ ڈھونڈ نکالتے ہیں اور اس پر خط لکھ دیتے ہیں۔ روزانہ وہ کسی مسئلے پر ایک گھنٹے تحقیق کرتے ہیں اور اس کے بعد خط لکھنے بیٹھ جاتے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.