راولپنڈی: (02 مارچ 2020) ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کے پندرہویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی اوپننگ جوڑی بابراعظم اور شرجیل خان نے پشاور زلمی کے 152 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو شرجیل خان نے حسن علی کو چوکا مار کر جارحانہ عزائم ظاہر کیے۔ اسی اوور میں فاسٹ باﺅلر نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر دیا جس کے بعد بابراعظم اور ایلکس ہیلز نے زلمی باﺅلرز کی ایک نہ چلنے دی۔
دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ میں 101 رنز کی شراکت داری کے ساتھ مجموعی اسکور 105 پر پہنچا کر کراچی کنگز کو کامیاب کیا تاہم اس موقع پر ایلکس ہیلز یاسر شاہ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ انہوں نے 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز کی اننگز کھیلی۔
کیمرون ڈیلپورٹ بھی مجموعی اسکور میں صرف 2 رنز کے اضافے کے بعد ہی یاسر شاہ کا شکار بن گئے۔ بابر اعظم نے 59 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔ شیڈوک والٹن نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 15 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 22 تاہم 150 کے مجموعی اسکور پر کالوس بریتھ ویٹ کی گیند پر راحت علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔
پشاور زلمی کی جانب سے یاسر شاہ سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 28 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جبکہ حسن علی اور کارلوس بریتھ ویٹ ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔
قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور ٹام بینٹن نے کیا۔ کراچی کنگز کے محمد عامر کے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے بیٹسمین ٹام بینٹن ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
نوجوان بیٹسمین حیدر علی بھی محمد کا شکاربن گئے، انہوں نے دو گیندوں پر چار رنز بنائے اور بولڈ ہوگئے۔ کامران اکمل ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور آٹھ گیندوں پر چار رنز بنا کر عامر یامین کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے۔ لیونگسٹون نے جارحانہ انداز اپنایا، انہوں نے 20 گیندوں پر 25 رنز بنا کر باؤنڈریز پر بابر اعظم کو کیچ دے دیا۔
دیگر بیٹسمینوں میں گریگورے 25، بریتھویٹ 8، وہاب ریاض2، حسن علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شعیب ملک نے شاندار 68 رنز کی اننگز کھیلی۔
پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 151 رنز بنائے۔ محمد عامر نے چار شکار کیے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.