اے ایف پیکراچی کے علاقے پورٹ قاسم کے قریب اینگرو ووہ پاک ٹرمینل سے کیمیکل اخراج کے باعث 50 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
جمعہ کی صبح پیش آنے والے واقعہ کے بعد امدادی ٹیموں نے فیکٹری کے ملازمین کو تشویش ناک حالت میں باہر نکالا۔ ریسکیو اہل کاروں کے مطابق 19 متاثرہ افراد کو قریبی واقع اسٹیل مل اسپتال اور 36 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیموں کا مزید کہنا ہے کہ فیکٹری کے اندر متعدد افراد موجود تھے، جنہیں بعد میں نکالا گیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر دیگر حکام بھی فیکٹری پہنچ گئے۔ ملازمین کے مطابق فیکٹری میں کیمیکل کا کام کیا جاتا ہے۔ جناح اسپتال کی ترجمان ڈاکٹر سیمی جمالی نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زہریلے کیمیکل سے متاثر افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اطلاعات کے مطابق کچھ متاثرہ افراد کو دیگر 2 نجی اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ کیماڑی کے علاقے میں پراسرار گیس کے اخراج سے 14 افراد جاں بحق، جب کہ 500 سے زائد متاثر ہوئے تھے۔ حکام گیس کے اخراج کی اصل وجوہات جاننے سے قاصر رہے تھے۔
پاکستان نیوی کے ریٹائرڈ چیف انجنییر کا کیماڑی واقعہ پر کہنا تھا کہ نہ کوئی زہریلی گیس لیک ہوئی اور نہ ہی سویابین کو ذمہ دار قرار دیا جاسکتا ہے۔ اگر گیس لیک ہوتا تو بندرگاہ پر کام کرنے والے افراد بھی متاثر ہوتے مگر یہاں صرف کیماڑی کے رہائشی زیادہ نشانہ بنے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.