Popunder ads

Breaking

جمعرات، 6 فروری، 2020

استنبول کے ایک ہوائی اڈے پر پیگاسس ایئر لائن کا طیارہ لینڈ ہونے کے بعد ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا

STR
ترکی میں استنبول کے ایک ہوائی اڈے پر ایک مسافر بردار طیارے کے رن وے سے پھسل جانے سے تین ٹکڑے ہو گئے۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کم از کم 120 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق پیگاسس ایئر لائن کی ایک پرواز پر 171 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ طیارہ ملک کے مغربی صوبے ازمیر سے استنبول پہنچا تھا جہاں یہ صبیحہ گوکن کے ہوائی اڈے پر حادثے کا شکار ہو گیا۔
ترکی کے مواصلات کے وزیر محمد چاہت تورہان نے کہا ہے بوئنگ 737 خراب لینڈنگ کے بعد اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکا تھا۔
اس واقعے کے بعد ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا اور تمام پروازوں کو دوسرے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

Getty Images
ترکی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق تیز بارش اور طیارے کے عقب پر ہوا کے تیز دباؤ کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔
طیارے کے حادثے کی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹوٹے ہوئے طیارے سے مسافر نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ بہت سے امدادی کارکن اس کے اردگرد کام کر رہے ہیں۔ کچھ ویڈیوز میں جہاز کے اندر لگی آگ بھی دیکھی جا سکتی ہے لیکن اس آگ پر بہت جلد قابو پالیا گیا۔
STR
ترکی کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس جہاز کے دو پائلٹس جن میں سے ایک کا تعلق ترکی اور دوسرے کا تعلق جنوبی کوریا سے تھا زخمی ہیں۔
ترکی کے وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ ابھی تک حکام کو جہاز کے پائلٹس سے بات کرنے کا موقع نہیں ملا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Please do Not enter your any spam link in the comment box.