کراچی:(02 فروری 2020)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بہتری کے لیے خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس آنا چاہیے، کابینہ میں بیٹھ کر زیادہ مؤثر انداز میں اپنے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی آج کراچی کے علاقے بہادر آباد میں قائم ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کی،جہاں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
خالد مقبول صدیقی سے رسمی گفتگو کے آغاز پر صادق سنجرانی نے کہا کہ آپ کی کابینہ سے علیحدگی کی خبر سنی تو دلی افسوس ہوا، جس پر خالد مقبول نے کہا کہ جن عوامی مسائل کے لیے حکومت سے اتحاد کیا وہ حل ہوجائیں، وزارتیں تو آنی جانی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہتری کے لیے خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس آنا چاہیے، کابینہ میں بیٹھ کر زیادہ مؤثر انداز میں اپنے لوگوں کے مسائل حل کرسکیں گے۔متحدہ پاکستان کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئےچئیرمین سینیٹ چیئرمین نے کہا کہ سیاسی معاملات پر زیادہ بات نہیں کرسکتا، پاکستان کی بہتری کے لئے کسی بھی پارٹی کے پاس جانے کو تیار ہوں، ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں گے، کوشش ہوگی کہ چھوٹے مسائل کو بالائے طاق رکھ کر ملک کی خدمت کریں۔
چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا بہادرآباد آنے پر شکریہ اداکرتا ہوں، جس طرح صادق سنجرانی نے سینیٹ کو چلایا یہ ان کی صلاحیتوں کا ثبوت ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے مسائل پر آواز اٹھائی، ہر پاکستانی کو برابر کا وفادار اور حق دار سمجھا جائے، سندھ کے عوام کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.