مصر میں ایک عدالت نے ایڈز سے متاثرہ ایک سنگ دل شوہر کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی اہلیہ کو 10 لاکھ مصری پونڈ (64 ہزار امریکی ڈالر) کا ہرجانہ ادا کرے۔
خیال رہے کہ شادی سے قبل شوہر ایڈز میں مبتلا تھا جس کے باعث خاتون بھی اس موذی مرض کا شکار ہوگئی۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق قاہرہ کے شمال میں واقع البحیرہ کمشنری میں ایک خاتون جن کی عمر 20 برس ہے نے اپنے شوہر کے خلاف عدالت میں درخواست دی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ اپنے شوہر کی وجہ سے ایڈز میں مبتلا ہوگئی ہیں۔
خاتون نے عدالت کے سامنے شوہر کی میڈیکل ہسٹری رکھ دی جس میں ان کے مرض کی تاریخ اورعلاج وغیرہ درج تھا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ ان کا شوہر شادی سے قبل ایڈز کا علاج کرا رہا تھا یہ اس کا فرض تھا کہ وہ ان کے والدین کو اپنے مرض کے بارے میں آگاہ کرتا۔
خاتون نے مزید کہا کہ انہیں اپنے مرض کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب وہ حمل کے سلسلے میں میڈیکل چیک اپ کرانے گئیں۔
مدعیہ نے عدالت سے درخواست کی کہ وہ اس پر بھی صبر کر لیتی مگر جب انہوں نے علاج کے لیے شوہر سے خرچ مانگا جو کہ ماہنہ 750 مصری پونڈ بنتے تھے تو اس نے اخراجات ادا کرنے سے صاف انکار کر دیا۔
خاتون کا دعویٰ اور میڈیکل ہسٹری دیکھ کر عدالت نے شوہر کو حکم دیا کہ وہ علاج اور ہرجانے کے طور پر خاتون کو 10 لاکھ مصری پونڈ ادا کرے۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.