چین سے شروع ہونے والے نئے نوول کورونا وائرس نے دنیا کے دیگر ممالک کو بھی متاثر کردیا ہے اور جنوبی کوریا میں اس سے متاثرہ افراد کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔غیر ملکی خبررساں اداروں کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے اس کے خطرے کو اعلیٰ سطح تک بڑھادیا ہے جبکہ امریکا میں ممکنہ وبا کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا چین سے باہر وائرس سے متاثر ہونے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے اور 594 نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ادھر ایشائی خطے میں ہی واقعے ایک ملک تائیوان میں بھی کورونا کے 5 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی۔5 نئے کیسز کے بارے میں بتایا گیا کہ ان میں سے 4 کیسز کورونا سے متاثرہ ایک فرد کی وجہ سے سامنے آئے جبکہ پانچواں فرد حال ہی میں مشرق وسطیٰ سے واپس آیا تھا۔اس حوالے سے حکومت کے سینٹرل ایپیڈیمک کمانڈ سینٹر کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں ایک کلینر اور 3 نرسوں سمیت 4 اسٹاف ممبر متاثر ہوئے جو کورونا وائرس متاثرہ فرد کا علاج کر رہے تھے۔ادھر چین کے بعد کورونا سے سب سے زیادہ اموات کا سامنا کرنے والے ملک ایران میں بھی نئے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔خبر رساں اداروں نے رپورٹ کیا کہ ایران کی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 43 ہوگئی جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 593 ہے۔وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 9 افراد ہلاک ہوئے۔ادھر ایشیا کے باہر میکسیکو میں بھی کورونا وائرس کے 3 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔میکسیکو کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ملک میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہ لاطینی امریکا کا دوسرا ملک بن گیا جو اس وائرس سے متاثر ہوا ہے۔جن تین افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اس میں دو میکسیکو سٹی جبکہ ایک شمالی ریاست سینالوا میں ہیں اور یہ مانا جارہا ہے کہ ان لوگوں نے شمالی اٹلی کا دورہ کیا تھا جو اس وقت یورپ میں کورونا سے متاثرہ مرکز ہے۔میکسیکو کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل برائے ایپی ڈیمیولوجی جوس لیوئس الومنا کا کہنا تھا کہ 'ممکنہ طور پر تینوں افراد ایک ہی ذرائع سے متاثر ہوئے (کیونکہ) یہ تینوں بیرون ملک سے آئے کیسز ہیں'۔علاوہ ازیں کورونا وائرس سے متعلق ممالک کے حساب سے تفصیلات فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 85 ہزار 400 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 933 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔ان اموات میں چین میں سب سے زیادہ 2 ہزار 727 افراد ہلاک ہوئے جبکہ وہاں متاثرہ افراد کی تعداد 79 ہزار 251 ہے جبکہ دوسرے نمبر پر جنوبی کوریا میں 3 ہزار ایک سو 50 ہے۔تاہم وہاں اموات کی شرح کم ہے اور دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات ایران میں ہوئی جو 43 تھی جبکہ اٹلی میں اس وائرس سے 21 افراد موت کا شکار ہوچکے ہیں۔اس وائرس سے ہزاروں کی تعداد میں لوگ متاثر اور ہلاک ہوئے وہی اس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہے۔اب تک 39 ہزار 597 افراد اس وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.