اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خاتون کا دن منایا جا رہا ہے۔ پاکستانی خواتین ہر شعبہ زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ امن مشنز میں بھی کئی سالوں سے پاکستانی خواتین کا کلیدی کردار رہا۔۔ دنیا بھر میں پاکستان خواتین انگیج منٹ ٹیمز تعینات کرنے والا پہلا ملک ہے ۔۔آج بھی 78پاکستانی خواتین امن کا ہروال دستہ ہیں۔
پاکستان کا اقوام متحدہ چھتری تلے امن کا سفر1960ء سے جاری ہے۔ 28 ممالک کیلئے 46 امن مشنز میں مادروطن کے سرفروش سپوتوں نے 157 جانیں نچھاور کیں توبہادر بیٹیاں بھی پیچھے نہ رہیں۔ امن خدمات میں پیش پیش پاکستانی خواتین، دنیا میں پہلی انگیج منٹ ٹیمزکا حصہ بنیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئتیرس بھی معترف ہیں۔
اقوام متحدہ امن مشن کے تحت 19 جون 2019 ء کو کانگو میں خواتین افسران پر مشتمل پہلی ٹیم تعینات کی گئی، اس وقت دوخواتین ٹیمیں متعین ہیں جبکہ تیسری ٹیم وسطی افریقی جمہوریہ میں رواں سال 20 مارچ سے کام شروع کرےگی۔ تاحال امن مشنز میں 78 پاکستانی پیس کیپرز خواتین کلیدی خدمات انجام دے رہی ہیں جبکہ مجموعی طور پر 450 خواتین افسران امن خدمات سرانجا م دے چکیں۔
کانگو میں پاکستانی خواتین امن فوجیوں کا 15 رکنی دستہ بہترین کارکردگی پرتمغے حاصل کر چکا۔ اس ٹیم میں ماہر نفسیات، ڈاکٹرز، نرسز، انفارمیشن آفیسر، لاجسٹک آفیسر سمیت دیگر افسران شامل ہیں۔ خواتین نے انتہائی لگن اور انتھک محنت سے پیشہ وارانہ کارکردگی کی بنیاد پردنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔
2019 کانگو مشن میں بہترین خدمات پر میجر سمیعہ کواقوام متحدہ سیکرٹری جنرل سند، ڈینکون مارچ میں 5 گھنٹے میں 25 کلومیٹر فاصلہ طے کرنے والی واحد خاتون آفیسر کا اعزاز میجر عروج عارف اوراقوام متحدہ تربیتی ٹیم کا دو سال کیلئے حصہ بننے کا اعزاز میجر سعدیہ کو حاصل ہوا جبکہ پاکستانی خواتین آج بھی امن کیلئے خدمات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔
عالمی سطح پر پاکستانی خواتین نے امن ،استحکام اورسماجی بہبود کیلئے کلیدی کردارادا کرکے پاکستان کیلئے نیک نامی کا موجب بنیں۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے گزشتہ دورہ میں کہا تھا پاکستان دنیا بھر میں امن مشنز میں شامل، امن کا مستقل مزاج، قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں
Please do Not enter your any spam link in the comment box.